بلوچستان مختلف قدیم تہذیبوں اور مذہبوں کا گہوارہ رہا ہے، سید ظہورآغا

کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ بلوچستان مختلف قدیم تہذیبوں اور مذہبوں کا گہوارہ رہا ہے جسکی وجہ سے یہاں مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے روشن امکانات ہیں صوبے کے مذہبی اور تاریخی مقامات کے حوالے سے قدیم آثار موجود ہیں اور خاص کر ہنگلاج ماتا مندر کی بحالی سے ملک بھر سے سیاحوں کو راغب کیا جاسکتا ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے سموار کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں سندھ کے گورنر عمران اسماعیل سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے مسقبل قریب میں گوادر اور تربت میں تھیلیسیمیا سینٹرکے قیام کے حوالے سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوام کیلئے تھیلیسیمیا کی بیماری سے بچاؤ کے حوالے سے بھرپور شعور و آگاہی کی مہم چلانی ہوگی. ملاقات کے دوران گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہم بلوچستان کے عوام کیلئے بہت کچھ مزید بھی کرنا چاہتے ہیں. انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا ایک خطرناک بیماری ہے جس کی تشخیص اور سکریننگ کی مفت سہولیات کی فراہمی کیلئے گورنر ہاؤس کوئٹہ اور پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے ماہرین سے بھی مدد و رہنمائی لی جائے گی. ملاقات میں گورنر سندھ کی بیگم صاحبہ، اراکین سندھ اسمبلی سنجے گنگوانی, رابعہ نظامی اور بیگم علی عزیز سمیت صباء انصاری، صوبائی محتسب بلوچستان نذر بلوچ اور کلثوم پانیزئی بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے