بلوچستان پاکستان کا مستقبل اور بنیاد ہے، شہریار آفریدی

کوئٹہ: کشمیر کمیٹی کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی یار آفریدی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا بیانیہ دشمن اور مودی کا بیانیہ ہے، بلوچستان کے نوجوانوں دنیا کے ہر فورم پر متعارف کرائیں گے، انسانی تاریخ میں انقلابات اور رونما ہونے والی تبدیلیوں سب سے اہم کردار نوجوانوں نے ادا کیا ہے، مذہب، مسلک، سوچ، فکر ودیگر ناموں پر ملک اور خاص کر بلوچستان کے لوگوں کو ٹارگٹ کیا گیا، بلوچستان کا مستقبل اور بنیاد ہے، چاغی کے پہاڑ آج بھی دنیا کے ممالک کو پاکستان کے ایٹمی قوت ہونے کا پیغام دے رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے اپنے لوگوں کو ہی جانے کی اجازت نہیں مگر آزاد کشمیر اور بلوچستان سمیت پورے ملک میں گھومنے کے لئے دنیا بھر سے بڑی تعداد میں سیاح آرہے ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں کی آواز سوشل میڈیا ذریعے وزیراعظم براہ راست سن رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں اسلامک یوتھ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام کشمیر پیس کانفرنس کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی مشیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ، بایزید خان کاسی، سابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ایم حسن مینگل ایڈووکیٹ، اسلامک یوتھ آرگنائزیشن کے حماد کاکڑ ودیگر کے علاوہ معرف اداکار شان نے ٹیلی فونک کے ذریعے شرکاء سے خطاب کیا۔ کانفرنس کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی یار آفریدی نے کہا کہ میں بلوچستان کے 4روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچاہوں وہ کوئٹہ کے یونیورسٹیز اور تعلیمی اداروں میں نوجوانوں سے ملاقاتیں کریں گے اس کے علاوہ بلوچستان کے مختلف علاقوں کے دوروں پربھی جائیں گے۔ انہوں نے بلوچستان کے نوجوانوں کے ساتھ وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو دنیا کے ہر فورم پر متعارف کرائیں گے۔نوجوانوں کے تمام شعبوں کو آگے لائیں گے، وزیر اعظم بلوچستان سے کوئی ناانصافی نہیں ہونے دینگے۔ متحرک نوجوان ملک و قوم کے اثاثہ پاکستان سے متعلق غلط امیج کو غلط ثابت کرنا ہے۔ بلوچستان پاکستان کا مستقبل اور بنیاد ہے۔ نوجوان انسانی جسم میں دل کی ماند ہے نوجوانوں نے ہر تحریک میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب، مسلک، نسل، زبان، سوچ اور فکر کے نام پرملک اور بلوچستان کے لوگوں کو ٹارگٹ کیا گیا۔ دشمن مختلف حربوں سے حملے کررہا ہے لیکن بلوچستان نے نوجوانوں ہر سازش کو ایک ہوکر ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پوری دنیا نے دیکھا کہ جب بھی آ فت آئی قوم ایک جان بنی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی میں بلوچستان کے قبائل اور عوام کے کلیدی کردار سے انکار ممکن نہیں، چاغی کے پہاڑ آج بھی دنیا کے ممالک کو پاکستان کے ایٹمی قوت ہونے کا پیغام دے رہے ہیں ہمیں بلوچستان کی تاریخ، روایات اور اقدار ہماری پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں کو جو سہولیات حاصل ہیں ان سہولیات پر بلوچستان کا بھی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت اور دلیل اور سب کو ساتھ لیکر چلیں تو کامیابی یقینی ہے۔ حکومت نے 172 ممالک کے ویزا اوپن کردیا ہے سیاح ملک کے کسی بھی کونے میں بغیر خوف و خطر کے جاسکتے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے اپنے ہی لوگوں کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا بیانیہ تبدیل ہورہا ہے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے سربراہان کی تقریروں کی بجائے وزیراعظم پاکستان کے موقف کی تائید پوری دنیا نے کی۔ دنیا کے مختلف خاص کر ایران اور سعودی سمیت دیگر ممالک کے درمیان اختلافات کے خاتمے کے لئے وزیراعظم عمران خان ثالثی کا کردار ادا کرکے انہیں آپس میں جوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجود حکومت نے کشمیر کے حوالے سے دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہاں کشمیر کے مسئلے اور پاکستان کے موقف کو دنیا کے سامنے رکھا جاسکے۔ اپوزیشن پارلیمنٹ میں تعمیری تنقید کرے اداروں پر تنقید سے دشمن اور مودی کے بیانیہ کو تقویت مل رہی ہے، اپوزیشن کے آل پارٹیز کانفرنس کے نکات میں کشمیر کیوں شامل نہیں۔ فرد واحد کی غلطی کو پورے ادارے کے ساتھ جوڑنا صحیح نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک گھر میں اختلافات اقر تنقید ہوسکتی ہے لیکن وہ گھر ہمیشہ ایک ہی رہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کرنے کے لئے منظم منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے اس کے لئے وہ سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کے نوجوانوں کی غلط ذہن سازی کررہا ہے جبکہ انڈین میڈیا جس طرح زہرپاکستان کے خلاف اگل رہا ہے وہ سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کو محروم رکھنے کی باتیں کرنے کی بجائے نوجوانوں کو خود اپنے آپ کو منوانا ہوگا۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ ہم نے 40سال سے افغان بھائیوں کو گلے سے لگایا ہے مگر ملک کی سالمیت پر آنچ تک نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں محرومی اور ناانصافی نہیں ہوگی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ نے کہا کہ کوئٹہ میں جب بدامنی تھی شہر یار آفریدی اس وقت بھی کوئٹہ آئے تھے بلوچستان کی یوتھ سے مطمئن ہو۔ یہاں کے نوجوانوں میں وہ قوت ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کو عظیم تر بناسکے۔ کورونا کی عالمی وباء کی وجہ سے موجودہ دود میں ہر ملک اپنی بقا چاہتا ہے۔ پاکستان کے خلاف بڑی سازش ہورہی ہے۔ فیفتھ جنریشن وار میں دشمن ہمارے نوجوانوں کو بدظن کرنا چاہتے ہیں چین کی کامیابی کا راز بھی نوجوانوں کا متحرک ہونا تھا ملک کے نوجوانوں کو وحدانیت سے دور رکھا گیا نوجوان کو نِظر انداز کرنا لمحہ فکریہ ہے نوجوان صحیح سمت پر آئے تو ملک کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا نوجوانوں کو انکی صلاحیتوں کے مطابق سہولیات کی فراہمی دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں سے مستفید ہونے کیلئے اقدامات کررہی ہے عالمی سطح ہر ملک کیلئے کھیلوں کا اعزاز بھی کوئٹہ کے کھلاڑی لارہے ہیں۔حکومت اسکول کی سطح سے نوجوانوں کی ذہن سازی کیلئے کوشاں ہے۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی یار آفریدی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے