الیکشن کمیشن ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور رکن صوبائی اسمبلی مبین خلجی کی جانب سے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابی حلقوں میں اسکیمات دینے اور فنڈز خرچ کرنے کا نوٹس لے،سردار سربلند جوگیزئی
کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کوئٹہ میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں منظم انداز میں دھاندلی کرنے کے لئے سرکاری مشنری اور اسکیمات کا استعمال کر رہی ہے الیکشن کمیشن ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور رکن صوبائی اسمبلی مبین خلجی کی جانب سے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابی حلقوں میں اسکیمات دینے اور فنڈز خرچ کرنے کا نوٹس لے بصورت دیگر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری اور رکن صوبائی اسمبلی مبین خلجی کی جانب سے کوئٹہ میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابی حلقے میں گزشتہ دنوں ٹیوب ویل کا افتتاح کیا گیا جبکہ ان حلقوں میں پی ٹی آئی کے امیدوار کو کامیاب بنانے کے لئے مختلف اسکیمات اور فنڈز کی فراہمی کے اعلانات بھی کئے جارہے ہیں جو کہ الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ انتخابات میں اثر انداز اور منظم دھاندلی کی کوشش ہے جسکی پیپلز پارٹی مذمت کرتی ہے اور الیکشن کمیشن سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر قاسم سوری اور مبین خلجی کی سرگرمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں انتخابات میں اثر انداز ہونے سے روکے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو معلوم ہوچکا ہے کہ انہیں عوام کی پذیرائی حاصل نہیں اور پیپلز پارٹی کے امیدوار وں کی جیت یقینی ہے جس کے بعد سرکاری وسائل اور مشینری کے ذریعے دھاندلی کی کوشش کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دھاندلی کرنے سے زیادہ محنت اپنی کارکردگی بہتر بنانے میں صرف کرے تا کہ وہ آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کے قابل ہو موجودہ حالات سے واضح ہورہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے تما م برج گرنے والے ہیں اور انکی ضمانتیں بھی ضبط ہونگی