ہیٹی زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد1297ہو گئی،5700افرادزخمی
پورٹ اوپرنس:ہیٹی میں آنے والے شدید زلزلے میں اب تک کم از کم 1297 افراد ہلاک اور 5700 سے زائد زخمی ہو گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ہفتہ کی صبح آنے والے اس زلزلے کی شدت 7.2 بتائی جا رہی ہے جس نے گرجہ گھروں اور ہوٹلوں سمیت متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا۔عمارتوں کے ملبے سے زندہ بچنے والے افراد کی تلاش اور متاثرین کو نکال کر ہسپتال پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔اس صورتحال کے پیش نظر مقامی ہسپتال شدید دباؤ میں ہیں اور طبی سہولیات کی قلت سے دو چار ہیں۔اہلکاروں کے مطابق متاثرین کی بڑی تعداد لاپتہ ہے، جن کی تلاش جاری ہے۔سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی فوٹیج میں مقامی رہائشیوں کو متاثرین کو ملبے میں سے نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔زلزلے کے شدید جھٹکوں کو گنجان آباد دار الحکومت پورتو پرنس اور تقریبا 125 کلومیٹر دور تک ہمسائے ممالک میں بھی محسوس کیا گیا۔زلزلے کے مرکزی مقام کے نزدیک مقیم کرسٹیلا سینٹ نے بتایا کہ اس زلزلے میں گھر تباہ ہو گئے اور ہلاک ہونے والوں کے علاوہ زخمیوں کی بہت بڑی تعداد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔وزیر اعظم ایریئل ہینری کے مطابق متاثرین کی مدد کے لیے بھیجے گئے امدادی دستے انھیں مدد پہنچانے میں مصروف ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اس وقت ہمارے لیے سب سے ضروری ہے کہ ہم ملبے میں دبے زیادہ سے زیادہ زندہ افراد کو بچا سکیں۔ اطلاعات کے مطابق مقامی ہسپتال اس وقت بڑی تعداد میں آنے والے زخمیوں کے علاج کے باعث شدید دبا ؤمیں ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ میں نے لی کائے کے متاثرہ علاقے کا فضائی دورہ بھی کیا۔امریکی صدر جو بائیڈن نے متاثرہ ملک کی مدد کے لیے فوری امداد بھیجی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ امریکی امدادی ادارہ یو ایس ایڈ نقصان کا اندازہ لگانے اور زخمیوں کے علاج کے علاوہ تعمیر نو میں بھی مدد کرے گا۔بائیڈن نے کہا ہیٹی کے شہریوں کے لیے پہلے سے مشکل وقت میں آنے والے اس زلزے پر میں بہت افسردہ ہوں۔