آواران کے شورش اور بدنامی کی ایک بڑی وجہ قدوس بزنجو کی ناقص کارکردگی ہے، میر رامین
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما ء میر رامین جان محمد حسنی نے کہا ہے کہ اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی سے آواران کا ہر شخص واقف ہے، آواران کے شورش اور بدنامی کی ایک بڑی وجہ قدوس بزنجو کی ناقص کارکردگی ہے، موصوف نے ہمیشہ علاقے کے مفادات کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کیلئے کام کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آواران میں اسکولز، کالجز، ہسپتال کی بدترین صورتحال، روڈ اور کمیونیکیشن سیکٹر کے نہ ہونے کی وجہ سے آج بھی وہاں کے لوگ فرد واحدکو اس ساری صورتحال کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ میر رامین نے کہا کہ یہ تو ہم وزیراعلیٰ جام کمال خان، وفاقی حکومت اور آرمی کاشکریہ اداکرتے ہیں جن کے اجتماعی اقدامات سے آج وہاں بڑے بڑے منصوبوں پر کام شروع ہوا ہے جس میں پیلر ڈیم کے لئے فنڈز، ایم8 آواران تا خضدار روڈ، آواران تا بیلا روڈ، اسپورٹس کمپلیکس، تھنک ڈیم ماشکے، ٹرانسمیشن لائن سے منسلکی، کیڈٹ کالج،فٹسال اسٹیڈیم، کیڈٹ کالج جھاؤ، پولی ٹیکنک ماشکے، گیس پلانٹ آواران کے ایس ایس جی سی سے بنوانا اور اس جیسے انتہائی اہم اور ضروری منصوبوں کا آغاز ہوچکاہے اور انشاء اللہ جلدان منصوبوں کی تکمیل سے روزگار، تعلیم، صحت کے نئے مواقعوں میں اضافہ ہوگا۔ میر رامین جان محمد حسنی نے کہا ہے کہ جب اسپیکر تیس سالوں سے آواران کے ایک وارڈ کے عوام کو سہولیات فراہم نہیں کرسکے تو وہ بلوچستان اسمبلی کے مقدس ایوان کی ذمہ داریاں کیسے نبھائیں گے؟۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی کی تمام قیادت اور کارکن پارٹی صدر جام کمال خان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اگر کوئی ناراض ہے تو وہ آواران کی عوام ہے جو اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو سے ہیں۔