حکومت پاکستان اور بلوچستان نے ہمیشہ اقلیتوں کے مسائل کو سنا ، دھنیش کمار

کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج،بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء و سینیٹر دھنیش کمار پالیانی،سابق صوبائی وزیر روشن خورشید بروچہ،سیکرٹری اقلیتی امور نورمحمد جوگیزئی،سیکرٹری مذہبی امور عبدالطیف کاکڑ،قاری عبدالرشید،تنزیلہ خلیل،ڈاکٹر فائزہ اوردیگر نے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے لئے محفوظ ترین ملک ہے ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی کے وقت پاکستان میں رہنے کا درست فیصلہ کیا، پاکستان میں کسی بھی اقلیت کو عام شہری کے برابر حقوق حاصل ہیں جسکی وجہ سے اقلیتوں نے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ہے، اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے دین اسلام کی بہت واضح ہدایات ہیں جس پر ہمیں عمل کرنے کی ضرورت ہے عالمی یوم اقلیت کا دن دُنیا بھر میں منانے کا بنیاد ی مقصد لوگوں کو ان کے حقوق کے بارے میں آگہی دینا اور حکومتوں کویہ باور کرونا ہے کہ وہ اپنے تمام شہریوں کو بلا امتیاز ان کے حقوق فراہم کریں گے۔ یہ بات انہوں نے محکمہ اقلیتی امور کے زیراہتمام مقامی ہال میں اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی رنگ،نسل، فرقے، مذہب کی بنیادوں پر اقلیتوں کے حقوق سلب نہیں کئے جاتے نہ ہی انہیں کسی بھی لحاظ سے کمر تر تصور کیا جاتاہے جسکی وجہ سے آج اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نہ صرف سیاست بلکہ افواج پاکستان، بیوروکریسی،تعلیم، صحت سمیت ہر شعبے میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستا ن میں بسنے والے ہر شخص کو برابر کا شہری قرار دیا ہے یہی ملک کے رہنماء اصول ہیں جسکی وجہ سے آج تک ہمیں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور بلوچستان نے ہمیشہ اقلیتوں کے مسائل کو سنا اور انہیں حل کرنے کی کوشش کی ہے امید ہے یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برداریوں کے درمیان کسی بھی قسم کی کوئی تفریق نہیں ہے ہم سب ایک ہیں اور اپنی برداریوں کی بہتری کے لئے ملکر کام کر تے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی سربراہی میں قائم مخلوط صوبائی حکومت نے 3سال کے دوران اقلیتوں کو جتنے فنڈز دیئے اسکی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اقلیتوں کواضافی فنڈز ملنے سے انکے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنے میں کافی حد تک مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں صوبائی حکومت اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود کیلئے بھی اقدامات اُٹھا رہی ہے رواں سال کے بجٹ میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے 500ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے کوٹے کو بڑھا کر2فیصد سے 5فصد کردیا ہے اقلیتوں کے ملازمتوں کے کوٹے پر صرف اور صرف اقلیتوں سے تعلق رکھنے والوں کی بھرتی کو یقینی بنایا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے مسائل کے حل کے لئے حکومت بھرپور اقدامات کررہی ہے اس ضمن میں بلوچستان حکومت نے اقلیتی امور کا محکمہ تخلیق کیا گیا ہے تاکہ اقلیتوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوسکیں۔تقریب کے اختتام پر محکمہ اقلیتی امور کی جانب سے شرکاء میں شیلڈ بھی تقسیم کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے