ربابہ بلیدی سے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات بلوچستان کی ملاقات، قیدیوں کے علاج پر بات چیت
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے آج یہاں انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات بلوچستان عثمان غنی صدیقی نے ملاقات کی اور صوبے کی جیلوں میں قیدیوں کے علاج معالجے کے لئے دستیاب طبی سہولیات کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا، آئی جی جیل خانہ جات نے بتایا کہ بلوچستان کی جیلوں میں معمول کے علاج معالجے کے ساتھ ساتھ قیدیوں کی نفسیاتی کونسلنگ اور علاج کے لئے سائیکاٹری ٹیلی میڈیسن کا قیام ایک غیر معمولی پیش رفت ہوگی جبکہ قیدیوں کے تناسب سے جیلوں میں ڈاکٹرز کی تعیناتی سے قیدیوں کو علاج معالجے کی بہتر طبی سہولیات فراہم ہوسکتی ہیں، پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی جیلوں میں قیدیوں کو علاج معالجے کی بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے جبکہ نفسیاتی طور پر ان کی کونسلنگ اور علاج کے لئے بھی قابل عمل طبی حکمت عملی مرتب کی جائیگی تاکہ یہ افراد ذہنی خلفشار سے نکل کر معاشرے کے کار آمد شہری بن سکیں انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے بلوچستان کے منتخب اضلاع میں پائلٹ پروجیکٹ کے تحت ٹیلی میڈیسن سینٹر کام کررہے ہیں جہاں دور افتادہ علاقوں کے عوام کو ماہرین طب بہتر اور معیاری میڈیکل کنسلٹینسی و سروسز فراہم کررہے ہیں جبکہ صوبائی حکومت کی زیر سرپرستی چلنے والا خود مختیار ادارہ بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف سائیکاٹری بھی معیاری طبی سروسز کی فراہمی میں کوشاں ہے ہماری کوشش ہوگی کہ بلوچستان کی جیلوں میں بھی انہی جاری منصوبوں کو وسعت دیتے ہوئے قیدیوں کو سائیکاٹری ٹیلی میڈیسن تک رسائی دی جائے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی جیلوں میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کے لئے محکمہ جیل خانہ جات کے پرپوزل کے مطابق ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کیا جائے گا اور صحت کے حوالے سے قیدیوں کو درپیش مسائل اور مشکلات کا ازالہ ہماری ترجیح ہوگی آئی جی جیل خانہ جات عثمان غنی صدیقی نے جیلوں میں درپیش طبی مسائل کے حل کی یقین دہانی پر پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت بلوچستان کے تعاون سے بلوچستان کی جیلوں میں مقید افراد کو میڈیکل سروسز کی فراہمی خوش آئند اقدام ہے اور ہمیں امید ہے کہ جیلوں میں مقید قیدیوں کو سرکاری سطح پر علاج معالجے کی بہتر طبی سہولیات کے اس تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا۔