پاکستان، مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، تنازعات کے دیرپا سیاسی حل کیلئے مذاکرات کو واحد راستہ سمجھتا ہے پاکستان، فلسطین اور کشمیر کے مسئلوں کا پرامن حل کا خواہاں ہے یہ بات انہوں نے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمان کی سربراہی میں عرب پارلیمانی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو وزارت خارجہ میں ان سے عرب پارلیمانی وفد کی وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی وزیر خارجہ نے کہا کہ عرب پارلیمنٹ، لیگ آف عرب سٹیٹس کا اہم ادارہ ہے،پاکستان کی عرب ممالک کے ساتھ گہری وابستگی، یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر استوار ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے عرب پارلیمان کے رکن ممالک کے ساتھ بہترین دو طرفہ تعلقات ہیں، ہمارے مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ گہرے دو طرفہ مراسم ہیں انہوں نے کہا ک پاکستان، مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کا خواہاں ہے ،او آئی سی کے بانی رکن ہونے کے ناطے، ہم اتحاد امہ میں مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، تنازعات کے دیرپا سیاسی حل کیلئے مذاکرات کو واحد راستہ سمجھتا ہے۔ ہماری اقتصادی ترجیحات میں روابط کا فروغ، تعمیر وترقی میں شراکت داری، معاشی و معاشرتی ارتقاء، اور امن و استحکام کیلئے کاوشیں شامل ہیں انہوں نے عرب پارلیمانی وفد کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی پالیسیوں کے باعث خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے، 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات کی پرزور مذمت کرے۔