محمد عثمان کاکڑ کی شہادت کے عظیم سانحہ اور چہلم کے موقع پر 7اکتوبرکو کوئٹہ کے عظیم الشان جلسہ عام کی تیاری کے سلسلے میں پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام بلیلی علاقائی یونٹ، نوحصار سمنگلی علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام الگ الگ احتجاجی مظاہروں کا انعقاد ہوا
کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری صوبائی صدر ملی اتل ملی شہید محمد عثمان کاکڑ کی شہادت کے عظیم سانحہ اور چہلم کے موقع پر 7اکتوبرکو کوئٹہ کے عظیم الشان جلسہ عام کی تیاری کے سلسلے میں پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام بلیلی علاقائی یونٹ، نوحصار سمنگلی علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام الگ الگ احتجاجی مظاہروں کا انعقاد ہوا۔ بلیلی میں موٹر سائیکلوں، گاڑیوں پر مشتمل جلوس ریگی ناصران تک پہنچا اور وہاں پر گاؤں کے عمر رسیدہ سفید ریش بزرگوں نے جلوس کا استقبال کیا۔ احتجاجی اجتماع سے پارٹی کے مرکزی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سید عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ، علاقائی سیکرٹری اسد خان ترین جبکہ نوحصار سمنگلی کے احتجاجی اجتماع سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے، ضلعی معاونین رحمت اللہ صابر، باز پشتون، علاقائی سیکرٹری عبدالودود بازئی، صدیق آغا اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ ملی شہید محمد عثمان کاکڑ کا جرم یہ تھا کہ وہ پشتونوں کی ملی وحدت ملی تشخص اور پشتون سیاسی واک واختیار، ملک میں قوموں کی برابری کا حقیقی فیڈریشن، ملک کی آئین پر اس کے روح کے مطابق عملدرآمد اکے بغیر صاف شفاف انتخابات کے نتیجے میں منتخب پارلیمنٹ کی خودمختاری اور تمام ملکی ادارے پارلیمنٹ کے ماتحت لانے اور ملک میں کسی بھی شہری کے خلاف ظلم وجبر اور ناروا غیر آئینی غیر قانونی اور ماورائے عدالت کے کسی بھی ایکٹ کے خلاف آواز بلند کرنے اور ملک کی سیاست کو حقیقی جمہوری خطوط پر ڈالنے کے آئینی جمہوری حق کے آواز میں انہیں شہید کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ملی شہیدعثمان کاکڑ آزاد جمہوری افغانستان میں گزشتہ 4دہائیوں سے جاری ہمسایوں پاکستان اور ایران کے جارحیت اور مداخلت کے خاتمے کیلئے آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج افغانستان میں حزب اقتدار ڈاکٹر اشرف غنی اور افغان اپوزیشن طالبان دونوں کی ذمہ داری ہے کہ تمام دنیا کی فوجیں نکلنے کے بعد افغان خانہ جنگی اور افغان برادر کشی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ افغانستان کے طویل جنگ جس نے افغان عوام کو بیوائیں، یتیم بچوں اور لاکھوں کی تعداد میں اپائج افراد دیئے ہیں اور اب تمام افغان عوام فریقین سے جنگ کے خاتمے اور افغان امن کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ پشتونخوامیپ جنگ کے دونوں فریقین سے اپیل کرتی ہے کہ بلا تاخیر جنگ بند کیا جائے اور باہمی افغان مذاکرات سے مسئلے کا حل نکالا جائے۔ مقررین نے کہا کہ پارٹی کے زیر اہتمام 7اکتوبر کو کوئٹہ کے صادق شہید فٹبال گراؤنڈ میں احتجاجی جلسہ عام میں ہوگا اور ضلع کوئٹہ کے تمام عوام اس احتجاجی جلسے میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔