بد امنی کے واقعات ہمیں صوبے کا مثبت اور اصل تشخص اجاگر کرنے سے نہیں روک سکتے، جام کمال خان
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان نے مشکل حالات سے نکل کر ترقی کا سفر کا طے کرنا ہے بد امنی کے واقعات ہمیں صوبے کا مثبت اور اصل تشخص اجاگر کرنے سے نہیں روک سکتے، رواں سال کو کھیلوں کی گولڈن جوبلی کا سال قرار دیا گیا ہے،پی سی بی اگر اکبر بگٹی اسٹیڈیم کو بہتر اور سہولیات فراہم نہیں کرسکتاتو حکومت بلوچستان کے حوالے کردے ہم اس اسٹیڈیم کو بہتر بنائیں گے۔یہ بات انہوں نے پیر کو اکبر بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم کوئٹہ میں آل پاکستان چیف منسٹر بلوچستان ڈائمنڈ جوبلی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز وویمن کرکٹ لیگ 2021کی افتتاحی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پر وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، وزیراعلیٰ کے مشیران عبدالخالق ہزارہ، حاجی محمد خان لہڑی، حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر، سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان میر عمران گچکی سمیت دیگر بھی موجودتھے، وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کا پہلا ٹی 20ہورہا ہے یہ پاکستان اور خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ ہے صوبے میں جس طرح دوسرے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے اسی طرح خواتین کو بھی کھیلوں کے مقابلوں کو ترجیح دیں گے اس ایونٹ سے بلوچستان سے مثبت پیغام ملکی اور بین القوامی سطح پر جائیگا انہوں نے کہاکہ پی سی بی کے چیئرمین بلوچستان کے کوئٹہ اور گوادر کرکٹ گراؤنڈز کو فعال کریں اور یہاں سہولیات دی جائیں اگر اکبر بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹ کی سہولت دی جائے تو یہ ملکی سطح پر ایک اچھا وینیو بن سکتا ہے امید ہے کہ وہ اس پر غور کریں گے تاہم اگر پی سی بی یہ کام نہیں کرسکتا تو وہ ٹی وی پر آکر کہہ دیں کہ پی سی بی کوئٹہ کے گراؤنڈ کو نہیں بنا سکتی اور وہ گراؤنڈ ہمارے حوالے کردیں تو حکومت بلوچستان خود اس گراؤنڈ کو تعمیر کر لے گی انہوں نے کہا کہ صوبے کے 33اضلاع میں اسپورٹس کمپلکس بنا رہے ہیں جن میں بہترین گراؤنڈ تعمیر کئے جارہے ہیں خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں انہیں کھیلوں میں سہولیات فراہم کی جائیگی تاکہ وہ آگے آکر اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں پیش کر سکیں انہوں نے کہا کہ اس سال کے کلینڈر کو گولڈن جوبلی قرار دیا ہے جلد ہی اس کلینڈر کو شائع کیا جائیگا اس سال ہاکی، فٹبال، کرکٹ کے مقابلے کروائے گئے ہیں مستقبل میں ہر کھیل کے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سطح کے مقابلے کروائے جائیں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل حالات سے نکل کر آگے جانا ہے بلوچستان ہمیشہ اپنا مثبت پہلو اجاگر کرتا رہے گا ہم پاکستا ن میں بلوچستان کے اصل تشخص کو اجاگر کریں گے بد امنی کے واقعات پوری دنیا میں ہوتے ہیں لیکن انکی وجہ سے ہر جگہ اندھیرا کرنا نامناسب ہے ہم نے معاشرے کو مثبت پیغام دینا ہے انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عملدآمدکریں گے اگرچہ کہ بہت سے لوگوں کی ویکسین ہوئی مگر اس کے باوجود بھی ہمیں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے