حکومت نے عوام پر تجارت اور روزگار کے دروازے بند کردیئے ہیں، نوابزادہ میر رئیس رئیسانی
کوئٹہ (گرین گوادرنیوز) قبائلی رہنما نوابزادہ میر رئیس رئیسانی نے کہا ہے کہ عید سے قبل کورونا کی آڑ لیکر حکومت نے عوام پر تجارت اور روزگار کے دروازے بند کردیئے ہیں،حکومت کورونا کی آڑ میں اپنی خامیاں چھپانے کے بجائے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرے۔ اپنے جاری بیان میں قبائلی رہنما نوابزادہ میر رئیس رئیسانی نے مزید کہا ہے کہ عید سے قبل گزشتہ دو سالوں سے حکومت کرونا کی آڑ لیکر عوام اور تاجر برادری پر روزگار کے دروازے بند کردیتی ہے پہلے ہی صوبے کے لوگ معاشی عدم استحکام اور پسماندگی کے باعث دو وقت کی نان نفقہ کے محتاج ہیں ایسے میں حکومت کی غلط پالیسیوں اور فیصلوں سے انہیں شدید مالی بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے انہوں نے کہا کہ تعجب ہے حکومت ایک طرف لوگوں پر روزگار کے دروازے بند کررہی ہے جبکہ دوسری جانب ایس او پیز پر بھی کسی قسم کا عمل درآمد ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ تاجر برادری کرونا ایس او پیز کے تحت اپنا کاروبار جاری رکھیں تاکہ اس موذی مرض کے پھیلاؤ میں کمی واقعہ ہو۔ جبکہ حکومت کرونا کی آڑ میں اپنی خامیاں چھپانے کے بجائے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرے۔