یوروکپ میں انگلینڈ کو شکست دیکر اٹلی چیمپئن بن گیا
لندن: 55 سال بعد کسی بھی بڑے ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے والی انگلش فٹبال ٹیم کو اٹلی نے یوروکپ کے فائنل میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں یوروکپ کا آخری معرکہ انگلینڈ اور اٹلی کی ٹیموں کے درمیان ہوا جس کا نتیجہ دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت کے درمیان دلچسپ مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹس پر ہوا۔
مقررہ 90 منٹ میں انگلینڈ نے کھیل کے دوسرے منٹ میں ہی گول کرکے اٹلی پر برتری حاصل کرلی تھی لیکن اٹلی نے دوسرے ہاف کے 67ویں منٹ میں گول کرکے انگلش ٹیم کی برتری ختم کی اور بعد ازاں 30 اضافی منٹ میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔
پنالٹی شوٹس میں 1966 کے بعد فٹبال کے کسی بھی بڑے ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے والی انگلش ٹیم کو اٹلی کے ہاتھوں 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ اٹلی نے دوسری بار یوروکپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔واضح رہے انگلینڈ نے سیمی فائنل میں اضافی وقت میں ڈینمارک کو ٹیم 1-2 سے شکست دے کر 55 سال بعد فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔