کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثنا اللہ خان زہری نے ضلع کوہلو میں 11 بے گناہ مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محنت کشوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف گھناؤنا جرم ہے، ایسے سفاکانہ واقعات میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے بلوچستان کا امن تباہ کرنے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بے گناہ مزدوروں کا قتل نہ صرف ان کے خاندانوں کے معاشی سہارے چھیننے کے مترادف ہے بلکہ اس سے صدیوں سے آباد برادر اقوام کے درمیان نفرتیں اور دشمنیاں پیدا ہونے کا خدشہ بھی ہے۔ سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے کہا کہ برادر اقوام کے درمیان دشمنی پیدا کرنے والے عناصر بلوچستان کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔ محنت کش مزدور اپنے خاندانوں کی کفالت کے لیے روزگار کی تلاش میں تھے، انہیں نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے۔ انہوں نے شہدائ کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدائ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت، برادر اقوام میں نفرتیں پھیلانے والے بلوچستان کے خیرخواہ نہیں، نواب ثنا اللہ زہری

