سندھ و بلوچستان کے جزائر پر قبضہ کسی صورت بھی قبول نہیں،نیشنل پارٹی

کوئٹہ:نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام وفاقی حکومت کی جانب سے آرڈیننس کے ذریعے پاکستان آئی لینڈ ز ڈوپلمنٹ اتھارٹی کے قیام اور بلوچستان کے جزائر کو وفاقی تحویل میں دینے کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر حاجی عطاء محمد بنگلزئی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر حاجی عطاء محمد بنگلزئی، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری اسلم بلوچ، چیئر مین بی ایس او(بچار) زبیر بلوچ، ممبر مرکزی کمیٹی میران بلوچ، صوبائی ترجمان علی احمد لانگو، ممبر ورکنگ کمیٹی کلثوم بلوچ نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور سندھ میں جزیروں کو صدارتی آرڈیننس کے ذریعے وفاق کی تحویل میں دینا آئین کی خلاف ورزی ہے، سندھ و بلوچستان کے جزائر پر قبضہ کسی صورت بھی قبول نہیں، وفاق کا آرڈیننس بددیانتی پر مبنی ہے،قومی وحدتوں کے آئینی اختیارات میں وفاق کی مداخلت صوبائی خودمختاری کو صلب کرنے کی ناکام کوشش ہے۔۔مقررین نے کہا کہ آئین میں یہ بات واضح ہے کہ زمین صوبوں کی ملکیت ہے اس سے وفاق کا کوئی تعلق نہیں اور ساحل سمندر سے اندرون سمندر 12 ناٹیکل میل بھی صوبائی تصرف میں آتا ہے لہذا اس پر کوئی اقدام اٹھانے سے قبل قومی وحدتوں کو اعتماد میں لینا پڑتا ہے اور وفا ق صوبائی حدود کے حوالے سے نہ قانون سازی کرسکتا ہے اور نہ کوئی اور فیصلہ کرسکتا،انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے وفاقی حکومت کی مائنڈ سیٹ کھل کر سامنے آچکا ہے وفاق نے قومی وحدتوں کو انتظامی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازشیں شروع کر دی ہیں جس کو کسی بھی حال میں قبول نہیں کریں گے نیشنل پارٹی قومی وحدتوں کے خلاف ہونے والے اقدامات کی ہر سطح پر مخالف کرے گی اور اس کے خلاف بھرپور انداز میں جدوجہد کا حصہ بنے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے