گوادر منصوبے بلوچستان کو ترقی کی نئی راہ پر ڈالیں گے، وزیر اعظم
گوادر: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین دنیا میں تیزی سے بہت آگے جا رہا ہے، اس کے تجربے سے ہم بھی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ گوادر سینٹرل ایشیا تک منسلک ہوگا، جلد ازبکستان کا دورہ کروں گا۔گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ماضی میں بلوچستان میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔ گوادر منصوبے بلوچستان کو ترقی کی نئی راہ پر ڈالیں گے۔ یہاں ایک انٹرنیشنل ایئرپورٹ بننے جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم آفس، وزیراعلیٰ بلوچستان آفس سے تمام منصوبوں کو مانیٹر کریں گے۔ فاٹا، بلوچستان اور جنوبی پنجاب سمیت جو علاقے پیچھے رہ گئے ان پر توجہ دیں گے۔ بلوچستان کے لوگوں کو ٹیکنیکل ٹریننگ دلوائیں گے۔عمران خان نے کہا کہ ماضی میں برآمدات بڑھانے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، ہم اس کیلئے اقدامات کرینگے۔ سرمایہ کاروں کیلئے مزید آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ ملک میں انڈسٹری لگانے والوں کو سہولتیں فراہم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بینکوں کو غریب لوگوں کو قرض دینے کی عادت ہی نہیں تھی، ہم غریب گھرانوں کو اپنا گھر بنانے کے لیے قرضے دے رہے ہیں۔افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب کو ایک خدشہ ہے کہ وہاں انتشار نہ پھیلے، ہم چاہتے ہیں افغان سرزمین خانہ جنگی کا شکار نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔ افغانستان میں انتشار سے تمام ہمسایہ ملک متاثر ہو جائیں گے۔ افغانستان میں سیاسی تصفیہ کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔