بلوچستان کے وسائل صحیح معنوں میں صوبے کی عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ ہو، ثناء بلوچ

کوئٹہ (گرین گوادرنیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے کہا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ صوبے میں عدل، انصاف اور مساوات کی بنیاد پر ایک نظام قائم ہو اور بلوچستان کے وسائل صحیح معنوں میں صوبے کی عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ ہو،بلوچستان میں بھوک، افلاس، بے روزگاری اور بدامنی کا خاتمہ ہو اور یہ تب ہی ممکن ہے کہ بلوچستان میں منصفانہ طرز حکمرانی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپوزیشن اراکین کے خلاف درج ایف آئی آر ودڈرا ہونے کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بجٹ جو کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا ہے میں پرچون سٹور کی طرح بندربانٹ کی بجائے منصفانہ طریقہ سے عوام خرچ ہو۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کو اپوزیشن کے تھانے میں کھانے پر تنقید زیب نہیں دیتا،ہم تھانے اس لئے گئے تھے کہ ہمارے خلاف ایف آئی آر درج ہوا تھا وہ چاہتے ہمیں ہتھکڑیاں لگاتے اور جیل بھیج دیتے ہم نے کبھی انکار نہیں کیا، ان کی حکومت ہے انہوں نے جس طرح میڈیا کو روکا اسی طرح وہ کھانے بھی رکوا سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بلوچستان کی روایات ہے اگر جام صاحب پر کوئی برا وقت آئے وہ تھانے میں بیٹھے یا قید ہوئے تو میں ان سے ملنے جاؤں گا۔ آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہمارے اکابرین ہی اس کا فیصلہ کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے