عوام کی خوشحالی ہی بہتر معیشت کی نشانی ہے، خورشید شاہ
اسلام آباد :پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کارڈ باٹنے کا بہت بڑا اسکینڈل سامنے آئے گا۔قومی اسمبلی اجلاس میں خورشید شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوائیں 5 سے 6 سو فیصد مہنگی ہوگئی ہیں، سندھ میں ہیلتھ کی سہولتوں کو سلام پیش کرتا ہوں، سندھ کے اسپتالوں میں پورے ملک اور افغانستان سے مریض آتے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ میں اپنے حلقے کے لوگوں کی نمائندگی نہیں کر سکا، کوشش ہے کہ اس بجٹ پر رہوں، تلخیوں پر بات نہ کروں۔
خورشید شاہ نے کہا ہے کہ امید تھی کہ یہ وزیر صاحب ٹیکس فری بجٹ دیں گے، کسی بھی ملک کی معیشت کا دارومدار فیگرز پر نہیں ہوتا، دیکھنا یہ ہوتا ہے کہ غریب کے پیٹ میں روٹی ہے یا نہیں، عوام کی خوشحالی ہی بہتر معیشت کی نشانی ہے، یہاں گالیاں دی گئیں ، مائیں بہنیں سب کی یکساں ہوتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پارلیمنٹ ہے تو ملک ہے، تین وزیر خزانہ تبدیل ہوئے یہ وزیر بھی ہمارے دوست رہے ہیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس صوبائی مسئلہ نہیں تھا، یہ ریاست کا مسئلہ ہے، مہنگائی انتہا کو پہنچ چکی ہے، جرائم بڑھیں گے، غریب ایک تولہ سونا لینا چاہتا تھا، آپ نے سونے چاندی پر ٹیکس لگادیا ہے۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ یوریا کھاد کی قیمتیں کسان کی پہنچ سے دور ہیں۔