بلوچستان کی نوے فیصدآبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے، مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ (گرین گوادرنیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ غافل ناکام حکمرانوں کے دورنزدیک کی نظرکمزور ہونے کی وجہ سے انہیں عوام کے مسائل مشکلات پریشانیاں ومجبوریاں نظرنہیں آرہی نااہل ناوزیر دفاع کو اگر ملک میں غربت نظر نہیں آتی تو حکمرانوں کا اللہ ہی حافظ ہے۔ ملک کی نصف آبادی اوربلوچستان کی نوے فیصدآبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔حکومت کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق 20لاکھ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں حالانکہ بے روزگاروں کی تعداداس سے کئی گنا زیادہ ہے۔ترقی وخوشحالی،غربت بے روزگاری کے خاتمے کے حوالے سے حکمرانوں کے دعوے اعدادوشمار اکثرثابت ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب سے موجودہ حکومت آئی ہے تب سے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں تین سو فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ روزانہ 20افراد حالات سے دلبرداشتہ ہو کر خود کشیاں کررہے ہیں۔ مہنگائی نے غریب عوام کا کچومر نکال کر رکھ دیا ہے۔ ایسی صورتحال میں وزیر دفاع کا بیان عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ موجودہ حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کچھ نہیں کیا۔سب وعدے اور دعوے دھر ے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ کتنی بد نصیبی کی بات ہے کہ موجودہ حکمرانوں کی بد ترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے سابقہ حکومتوں کو لوگ اچھا کہنے لگے ہیں۔ تحریک انصاف نے ملکی معیشت کا ستیاناس کردیا ہے۔ عوام کا معیار زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین برسوں میں کوئی ایک منصوبہ بھی ایسا نہیں جو پایہ تکمیل تک پہنچا ہو۔ آٹا،چینی،ادویات اور پٹرول چور کابینہ میں بیٹھے ہیں۔ ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟۔ کرپشن کا قلع قمع کرنے کے دعویدار آج کرپٹ عناصرکے ساتھ بیٹھے ہیں حکمران جان بوجھ کر عوام کی توجہ سنگین مسائل سے ہٹانے کے لیے ایسے غیر سنجیدہ ایشو اٹھارہے ہیں جن کا تعلق عوام کے مسائل سے نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے