صوبائی حکومت عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، میرعارف محمد حسنی

کوئٹہ :صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمد عارف محمد حسنی نے کہا ہے کہ مالی سال 22۔2021 کا بجٹ جس میں ترقیاتی منصوبوں اور غیر ترقیاتی اخراجات کے لئے مجموعی طور پر 499 ارب روپے مختص کیا گیا ہے یہ صوبے کی تاریخ کا واحد بجٹ ہے جس میں تمام شعبوں کی تعمیر و ترقی کیلئے جو قانون و منصوبہ سازی کی گئی ہے جلد ہی اس کے بہتر نتائج زندگی کے ہر شعبے پر مرتب ہونا شروع ہو جائیں گے, انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلٰی جام کمال خان کی قیادت میں صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے جو سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اس سے اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئیں ہیں اور اپنے اس غیر پارلیمانی عمل کے ذریعے انہوں نے صوبے کی خوبصورت اور باوقار سیاسی طرز عمل اور اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا, صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارا صوبہ جس کی سیاسی بردباری اور اخلاقیات کی ایک عظیم تاریخ ہے لیکن اپوزیشن جماعتیں صوبائی حکومت کی گرانقدر خدمات اور کوششوں کے نتیجے میں ہونے والی ترقی سے اپنی سیاسی مستقبل کو لاحق خطرات کے پیش نظر منفی سیاست کے ذریعے اپنی ناکامی کو چھپانے کی کوششیں کررہے ہیں جس میں انہیں کبھی بھی کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات اور مسائل ہر جگہ ہوتے ہیں لیکن ان تمام باتوں کیلئے ہمارے پاس ایوان موجود ہے جہاں اپوزیشن بجٹ سمیت اپنے تمام مسائل و مشکلات کیلئے آواز بلند کرتے رہے ہیں اور ہمارے رکن صوبائی اسمبلی کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم ایک باوقار جگہ ایوان میں جمہوری اقدار و روایات کو خاطر میں لاتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں نہ کہ اسمبلی سے باہر سڑکوں پر ہمارا تماشا ہو, صوبائی وزیر نے بجٹ سیشن کے موقع پر اپوزیشن جماعتوں کے رویے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کو جمہوری طرز عمل کے منافی قرار دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے