کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ 28 دسمبر کو ہوگی، کاغذات نامزدگی 13 تا 17 نومبر وصول کیے جائیں گے
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے بلدیاتی انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے نوٹیفکیشن کے مطابق پولنگ 28 دسمبر 2025 بروز اتوار منعقد ہوگی۔امیدواروں سے کاغذات نامزدگی 13 سے 17 نومبر تک وصول کیے جائیں گے جبکہ اسکروٹنی کا عمل 19 تا 24 نومبر تک مکمل کیا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اپیلیں 25 تا 28 نومبر تک دائر کی جا سکیں گی جبکہ اپیلٹ ٹربیونل کے فیصلے 3 دسمبر تک سنائے جائیں گے۔ ترمیم شدہ فہرست 4 دسمبر کو جاری ہوگی، کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ 5 دسمبر مقرر کی گئی ہے اور انتخابی نشانات 6 دسمبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔الیکشن کمیشن نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ کسی بھی سرکاری عہدیدار، وزیر یا رکن اسمبلی کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ پولنگ سے قبل کوئی ترقیاتی اسکیم یا اعلان نہ کیا جائے تاکہ انتخابی عمل شفاف اور غیرجانبدارانہ ماحول میں مکمل ہو سکے۔
