این ایف سی ایوارڈ پر تمام سیاسی جماعتوں اور ماہرین کی رائے شامل کی جائے گی،سرفراز بگٹی

کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت این ایف سی ایوارڈ کی تیاری کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس پیر کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے صوبے کی معاشی صورتحال اور مالی ضروریات پر تفصیلی بریفنگ دی اور آئندہ قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ این ایف سی ایوارڈ پر تمام سیاسی جماعتوں اور ماہرین کی رائے شامل کی جائے گی اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ مشاورت کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں نمائندگی نہ رکھنے والی جماعتوں سے بھی رائے لی جائے گی تاکہ صوبے کا مؤقف ہمہ گیر اور متفقہ ہو انہوں نے کہا کہ معاشی و اقتصادی ماہرین اور مختلف شعبوں کے ایکسپرٹس کی تجاویز کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ بلوچستان کے عوامی مفادات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جا سکے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ مضبوط وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کا ایک اہم موقع ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گیارہویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ میں بلوچستان کے عوام کی توقعات اور امیدوں کو شامل کیا جانا چاہیے تاکہ صوبے کی پسماندگی کے خاتمے اور ترقی و خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور شفافیت ہی صوبوں کی ترقی اور ایک مضبوط وفاق کی ضامن ہے۔ مشاورت کا مقصد بلوچستان کا متفقہ اور مضبوط مؤقف سامنے لانا ہے تاکہ ہر سطح پر صوبے کے عوامی مفادات کا تحفظ کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ ہم سب کی کامیابی ایک مضبوط اور مستحکم وفاق میں ہے اور این ایف سی ایوارڈ کو قومی یکجہتی اور باہمی اعتماد کے فروغ کا ذریعہ بنایا جائے گا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے