زیارت میں کرفیو سے معمولات زندگی مفلوج، اشیائے ضروریہ کی شدید قلت
زیارت:زیارت میں حالیہ ناخوشگوار واقعے کے بعد نافذ کرفیو نے شہری زندگی کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے، جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ کرفیو کے نفاذ کے بعد بازار، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند پڑے ہیں جبکہ اشیائے خوردونوش کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق شہری آٹا، چینی، دودھ، سبزیاں اور ادویات جیسی بنیادی ضروریات کے حصول کے لیے شدید دشواریوں میں مبتلا ہیں۔ متعدد علاقوں میں بیمار افراد کو اسپتال پہنچانے میں بھی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔تعلیمی اداروں کی بندش سے طلبا و طالبات کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے اور والدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس صورتحال کے باعث بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہو سکتا ہے۔شہریوں اور تعلیمی حلقوں نے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے فوری طور پر کرفیو ختم کرنے، اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے اور بنیادی سہولیات بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
