صوبائی حکومت واجب الادا بلز کی ادائیگی کیلئے فوری فنڈز جاری کرے،ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان

کوئٹہ :ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت حاجی عبدالغفار لانگو منعقد ہوا۔اجلاس میں ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ ترین، ایگزیکٹو باڈی کے ممبران سمیت بلوچستان سے شائع ہونے والے اخبارات اور جرائد کے مدیران اور پرنٹنگ پریس کے نمائندگان اور صنعت سے وابستہ کارکنان نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی حکومت کی جانب سے اخبارات اور جرائد کو اشتہارات کی مد میں واجب الادا بلز کی عدم ادائیگی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ جس میں شرکاء کا کہنا تھا کہ اخبارات و جرائد کو فنڈز کی عدم ادائیگی کے نتیجے میں صوبے کی واحد صنعت کا ہر شعبہ متاثر ہوا ہے ۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے 2017-18 کے 6 کروڑ سے زائد واجبات کی ادائیگی 2020-21 کے ریگولراشتہاراتی بجٹ سے کی گئی اور اس سلسلے میں ڈی جی پی آر کو موصول ہونے والے مراسلے میں واضح طور پر تحریر ہے کہ محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان مذکورہ بقایاجات کی ادائیگی کے بعد مالی سال ختم ہونے سے پہلے فنڈز ختم ہونے کی صورت میں تحریری طور پر آگاہ کرے۔اس سلسلے میں محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے 3 مرتبہ فنڈز کے اجراء کیلئے متعلقہ حکام کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے لیکن اب 3 ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مذکورہ فنڈز فراہم کرنے میں تاخیر کی جارہی ہے۔ مالی سال ختم ہونے میں صرف چند دن باقی ہیں اور تاخیری حربے کے نتیجے میں اشتہاراتی بجٹ کی عدم فراہمی کے باعث اخباری صنعت مزید بحران کا شکار ہونے کا خدشہ ہے جس سے مقامی صنعت سے وابستہ کارکنان بھی مالی دباؤ کا شکار رہینگے۔اجلاس کے شر کاء کا کہنا تھا کہ اخبارات اور جرائد کو گزشتہ3 ماہ سے واجب الادا بلز کی ادائیگی نہیں ہوپائی جس کی وجہ سے صوبے کی واحد صنعت شدید مالی دباؤ اور بحران کا شکار ہے۔ واجب الادا بلز کی ادائیگی یقینی بنانے کیلئے ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان مسلسل پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بشریٰ رند،سیکرٹری اطلاعات اور محکمہ خزانہ کے متعلقہ حکام سے رابطے میں رہے تاہم مالی سال ختم ہونے کو ہے اور اخبارات و جرائد کو سرکاری اشتہارات کی مد میں واجبات کی ادائیگی ہوتی نظر نہیں آرہی جس سے صنعت میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں آج متعلقہ حکام سے ملاقات کرکے بلوچستان کے مقامی میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل اور خدشات سے آگاہ کیا جائے گا اور اگر فوری طور پر مسئلہ حل نہ ہوا تو ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان اس سلسلے میں احتجاجی لائحہ عمل ترتیب دے گی تاکہ صنعت کو بندش سے بچایا جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے