وڈھ یونیورسٹی سمیت متعدد منصوبوں کو بجٹ سے نکال دیا گیا ہے،سرداراخترمینگل
کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے وڈھ میں یونیورسٹی قائم کرنے اور خضدار میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے بجٹ سے نکال دیے ہیں، وزیراعلیٰ جام کمال خان نے میرے علاقے کے علاوہ تمام علاقوں میں سولر یونٹ لگانے کی منظوری دے دی ہے، یہ بات انہوں ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہی، سردار اخترجان مینگل نے کہا کہ 2019کے وفاقی بجٹ میں پی ٹی آئی حکومت نے ضلع خضدار کے لئے مختلف سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے منظور کئے جنہیں اس سال پی ایس ڈی پی سے نکال دیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں سولر یونٹ فراہم کرنے کی تجویز دی گئی وزیراعلیٰ جام کمال خان نے میرے ضلع میں جانے والے سولر یونٹ نکال دئیے جبکہ دیگر کی منظور ی دے دی، انہوں نے کہا کہ سرداروں پر بلوچستان کو تعلیمی طور پر پسماندہ رکھنے کا الزام لگایا جاتا ہے میں نے مسلم لیگ(ن) کے دور میں وڈھ میں یونیورسٹی تعمیر کرنے کے لئے 100ایکڑ زمین دینے کی پیش کش کی جسے اس وقت کے وزیر پی اینڈ ڈی احسن اقبال قبول کیا اور 2017-18کے بجٹ میں اس مد میں 3ارب مختص کئے گئے لیکن 2018میں وعدوں کے باجود پی ٹی آئی کی حکومت نے میں اس منصوبے کو نکال دیا ہے جبکہ یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ اس منصوبے کو جاری رکھیں گے اب سال تین گزرنے کے بعد ایک بار پھر سے آئندہ بجٹ سے اس منصوبے کو نکال دیا گیا ہے۔