زہری میں انتظامیہ عوام کی جان و مال کی حفاظت میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، نواب زہری

زہری: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے آج تحصیل زہری میں شہر سے کچھ فاصلے پرعلی گل بھٹار کے بہیمانہ قتل کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زہری میں بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اس بات کا ثبوت پیش کررہا ہے کہ انتظامیہ عوام کی جان و مال کی حفاظت میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ نہتے شہری کو دن دیہاڑے قتل کرکے ملزمان کا باآسانی فرار ہونا علاقے میں خوف و ہراس کا باعث بن رہاہے محسوس یوں ہورہاہے کہ انتظامیہ ملزمان و قاتلوں کی گرفتاری میں ناکام دکھائی دے رہاہے یا وہ ان واقعات میں میں براہ راست خود ملوث ہے خضدار زہری میں کمزور انتظامیہ کے سہارے پر شہریوں کو اس طرح نہیں چھوڑا جاسکتا ہے لوگ ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنیں اور قاتل دندناتے پھرتے رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں آج تحصیل زہری کے سیاسی دوستوں سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا کہنا تھا کہ خضدار میں عید سے اب تک پے درپے واقعات رونماء ہوئے ہیں جس میں کئی شہری قتل کیئے گئے ہیں۔آج تحصیل زہری میں علی گل بھٹار کو ٹارگٹ کا نشانہ بناکر قتل کرنا افسوسناک اور قابل مذمت ہے انتظامیہ اپنی ناکام اور دفاعی پوزیشن پر چلی گئی ہے انتظامیہ یا تو ان واقعات میں خود ملوث ہے یا ملزمان کے خلاف کارروائی میں وہ خوف محسوس کررہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے شہریوں کو تحفظ کا احساس دلایا جائے اپنی تنخواہ حلال کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے, اگر انتظامیہ نے کردار ادا نہیں کیا تو قبائلی حوالے سے بھی ان مجرموں کے خلاف نمٹاجا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے