فریال تالپور کی الیکشن کمیشن میں نااہلی کیس کی بحالی کیخلاف درخواست مسترد
اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریال تالپور کی الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اثاثے چھپانے پر دائر نااہلی کیس بحال کرنے کے خلاف درخواست مسترد کردی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فریال تالپور کی الیکشن کمیشن میں نااہلی کیس کی بحالی کے خلاف دائر درخواست پر دلائل مکمل ہونے پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
پی ٹی آئی ایم پی اے ارسلان تاج اور رابعہ اظفر نظامی کی فریال تالپور کی نااہلی کی درخواست الیکشن کمیشن میں زیر التوا ہے، گزشتہ برس الیکشن کمیشن نے درخواست گزار ارسلان تاج کی عدم پیروی پر کیس خارج کر دیا تھا، درخواست گزار کی دوبارہ درخواست پر الیکشن کمیشن نے فریال تالپور نااہلی کیس بحال کردیا تھا۔
فریال تالپور نے کیس بحالی کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی جو خارج ہو گئی اور اس فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے کی فریال تالپور کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے 8فروری کے حکم میں مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔