انتخابات کو دھاندلی کے کینسر سے بچانا ہے، فواد چودھری
اسلام آباد: وفاقی وزراء نے آئندہ عام انتخاب میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کرنے کا اشارہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کو دھاندلی کے کینسر سے بچانا ہے، پری پول دھاندلی آر آو کی جانبداری اور انتظامی افسران کا اپنے اضلاع میں تعینات ہونا ختم کرنا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء نے شرکت کی۔ الیکشن کمیشن آفس کے باہر وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن سے 4 نکات پر بات چیت ہوئی، الیکٹرونک ووٹنگ کیلئے تمام ٹیکنالوجی اور عمل مکمل کرلیا، تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے پر بھی الیکشن کمیشن سے بات ہوئی، الیکشن کمیشن سمجھتا ہے ٹیکنالوجی کا استعمال مثبت قدم ہے، اپوزیشن سے مل کر انتخابی اصلاحات میں حصہ لیں گے، اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا تحریک انصاف کا وعدہ ہے۔
مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانی کماو پوت ہیں، الیکشن بل اسمبلی میں لے جا رہے ہیں، اپوزیشن تجاویز دے حکومت جائزہ لے گی، الیکشن نظام کو لگا دھاندلی کا کینسر سب ختم کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزارت سائنس الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کام کر رہی ہے، الیکٹرانک ووٹنگ کے لئے الیکشن کمیشن سے رابطے میں ہیں۔وفاقی وزرا نے کہا قومی اسمبلی اور سینیٹ میں انتخابی اصلاحات بل کے لیے حکومت کے پاس اکثریت موجود ہے، انتخابات تمام جماعتوں نے لڑنا ہے اس لیے سب تجویز دیں۔