ترقی کےسفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والےعناصرخودانتشار کا شکار ہوچکے،میر ضیاء اللہ لانگو

کوئٹہ : صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو سے وزیر داخلہ آفس میں صوبائی اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کیں جبکہ قلات اور کوٹ لانگو سے تعلق رکھنے والے بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے کئے جانے والے اقدامات،ترقیاتی سکیموں اور فلاح عامہ کے جاری منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منتخب نمائندوں نے وزیرداخلہ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ نے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ وزیر داخلہ نے صوبائی اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج میں منتخب نمائندوں کی تجاویز کو اہمیت دی گئی ہے اور ہر ضلع کو ترقی کے سفر میں شامل کیا گیا ہے۔ بلوچستان میں ہر فیصلہ مشاورت سے کیا جاتا ہے۔ ہم سب وزیرِ اعلیٰ جام کمال کی ٹیم ہیں اور ٹیم ورک کے طور پر عوام کی خدمت کر تے رہیں گے اور پوری دیانتداری سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے عناصرخودانتشار کا شکار ہوچکے ہیں اور ہر موقع پر ناکامی ان لوگوں   کا نصیب ہے۔ وزیر داخلہ سے  ملاقات  کرنے والوں میں اراکین صوبائی اسمبلی، رکن صوبائی اسمبلی اصغر خان ترین،رکن صوبائی اسمبلی زابد ریکی، رکن صوبائی اسمبلی متحرمہ شکیلہ نوید دہوار اورایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مجید ناصر شامل تھے۔وزیر داخلہ نے قلات سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے کارکنوں کی عزت میری عزت ہے۔منتخب نمائندوں کے حلقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام ہوں گے۔ قلات سمیت ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا گیا ہے اور پہلی بار شہروں کی ضروریات اور ترجیحات کو مد نظر رکھ کر فلاح عامہ کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔  ترقی کے مخالفین سوچے سمجھے منصوبے کے تحت زہریلا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔تنقید اور پراپیگنڈے کا جواب ہمیشہ خدمت کی سیاست سے دیا ہے اور دیتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے