وزیراعظم سےانٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کی ملاقات
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کا دورہ پاکستان، وفد کے ساتھ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ڈی جی آئی اے ای اے ڈاکٹر رافیل ماریانو گروسی 2 روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں، ڈی جی آئی اے ای اے کی پاکستان آمد پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے شعبے میں پیش رفت پر گفتگو کی گئی، ڈی جی آئی اے ای اے نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اشتراک سے مختلف تقاریب میں شرکت کی۔
ڈاکٹر رافیل ماریانو گروسی نے چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور اور کمیشن کے ارکان سے ملاقاتیں کیِ ڈی جی آئی اے ای اے کی "نیوکلیئر سائنس اور ٹیکنالوجی میں خواتین کیلئے مواقع‘‘ کے حوالے سے سیمینار میں شرکت کی۔
ڈی جی آئی اے ای اے رافیل ماریانو گروسی نے کہا کہ پاکستان میں نیوکلیئر سائنس کے شعبے میں خواتین کی شرکت حوصلہ افزا ہے، نیوکلیئر سائنسز نے صحت کے شعبے بالخصوص کینسر کی تشخیص اور علاج میں اہم کردار ادا کیا۔رافیل ماریانو گروسی نے مزید کہا کہ خواتین کی سائنسی علوم میں شرکت عالمی مسائل کے حل کے لئے ضروری ہے، ڈی جی آئی اے ای اے نے سینٹر فار انٹر نیشنل پیس اینڈ سٹیبلیٹی کا بھی دورہ کیا۔