سعودی عرب پاکستان کے ریکوڈک منصوبے میں 20 فیصد حصص خریدنے کیلئے تیار
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سعودی عرب پاکستان کے ریکوڈک منصوبے میں 20 فیصد حصص خریدنے کیلئے تیار ہوگیا۔برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب 9 ارب ڈالرکے ذخائر میں 10 سے 20 فیصد شیئرخریدے گا۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب پاکستان کے ریکوڈک منصوبے میں 20 فیصد حصص خریدنے کیلئے تیار ہے جس کے بعد ریکوڈک دنیا کی سب سے بڑی تانبے کی کانوں میں سے ایک کہلائے گی۔برطانوی اخبار میں کہا گیا کہ سعودی عرب کا مائننگ فنڈ حکومت پاکستان سے ایکویٹی حصص خریدے گا۔
رپورٹ کے مطابق منارا منرلز 25 کھرب 9 ارب روپے (9 بلین ڈالر) کے کمپلیکس کا 10 سے 20 فیصد حصہ خریدنے کا خواہاں ہے، جسے کینیڈا کے بیرک گولڈ نامی کمپنی کی جانب سے تیار کیا جا رہا ہے۔ مائننگ فنڈ وفاقی حکومت سے مساوی حصص خریدے گا، جو کہ منصوبے کی 25 فیصد یعنی 500 ملین سے ایک ارب ڈالر تک کی مالک ہے۔سی ای او بیرک گولڈ مارک برسٹو کے مطابق ریکوڈک منصوبہ پاکستان کی معیشت کو بدل دے گا، سعودی عرب کی طرف سے سرمایہ کاری ریکوڈک کے لیے اچھی ثابت ہو گی۔
فنانشل ٹائمز میں مزید کہا گیا کہ سرمایہ کاری سے سعودی عرب کی دھات کی مانگ پورے کرنے میں مدد ملے گی، سعودی عرب پاکستان کے سب سے بڑے بیرونی قرض دہندگان میں سے ایک ہے۔برطانوی اخبار میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو قرض رول اوور، زرمبادلہ ذخائر اور تیل سہولیات دیں۔