بلوچستان کے عوام کو آئینی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے،مولانا ہدایت الرحمان

حب(ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی بلوچستان اسمبلی کے رکن اور جماعت اسلامی کے رہنما مولانا ہدایت الرحمان نے حب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان میں بڑھتی ہوئی بدامنی، مایوسی اور عوامی مسائل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو ڈنڈے کے زور پر چلایا جا رہا ہے، جہاں عوام کی جان، مال اور عزت کسی طور محفوظ نہیں مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ صوبے میں بدامنی عروج پر ہے، طالب علم، مزدور، مسافر اور عام شہری بھی محفوظ نہیں۔ بلوچستان کے ہر گوشے میں خوف اور مایوسی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ باہر سے آنے والی قوتیں پاکستان کے استحکام کے نام پر بلوچستان کو قبرستان میں تبدیل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال عوام کے آئینی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے انہوں نے بلوچستان میں روزگار کی کمی کو آئین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو روزگار فراہم کرے، لیکن بدقسمتی سے عوام کو ان کے حقوق دینے کے بجائے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر کو بند کرنے کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، جو دہشت گردی کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔ مولانا ہدایت الرحمان نے بلوچستان کے ساحلی اضلاع میں موجود مسائل پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع لسبیلہ اور ضلع گوادر میں ٹرالر مافیا نے اپنا راج قائم کر رکھا ہے، جو مقامی ماہی گیروں کے لیے سنگین مسائل پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ماہی گیر، جن کا روزگار سمندر سے وابستہ ہے، ٹرالر مافیا کے ہاتھوں بے بس ہو گئے ہیں، اور حکومت ان کے مسائل حل کرنے میں ناکام نظر آتی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان بطور ریاست محفوظ ہاتھوں میں ہے لیکن بدقسمتی سے قوم غیر محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی مایوسی کو ختم کرنا ہوگا اور ان کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ صوبے میں امن اور ترقی کا ماحول پیدا ہو سکے۔ مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ بلوچستان کی موجودہ صورتحال ملک کے دیگر حصوں کے لیے بھی خطرناک ہے۔ اگر بلوچستان کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق نہ دیے گئے تو اس کا اثر پورے ملک پر پڑے گا۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے تاکہ صوبے میں عوام کا اعتماد بحال ہو اور ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔ مولانا ہدایت الرحمان کی جانب سے بلوچستان میں بدامنی، ٹرالر مافیا کی حکمرانی، اور عوامی مسائل پر اٹھائے گئے سوالات حکومت کے لیے ایک کھلا چیلنج ہیں۔ ان کے بیان نے بلوچستان کے عوام کی مشکلات کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے اور ان مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے