بلوچستان میں حکومت اور امن وامان نام کی کوئی چیز نہیں، حاجی میر زابد ریکی
کوئٹہ : کوئٹہ جمعیت علماء اسلام کے رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی حاجی میر زابد ریکی نے پنجگور میں جمعیت علماء اسلام کے ضلعی نائب امیر مولوی عبدالحئی بلوچ کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومت اور امن وامان نام کی کوئی چیز نہیں ہے دن دیہاڑے سیاسی جماعت کے رہنماء اور عالم دین کو قتل کرکے ملزمان فرار ہوجاتے ہیں لیکن انہیں پکڑنے والا کوئی نہیں ہے حکومت اگر امن قائم نہیں کرسکتی تو استعفیٰ دے دے، یہ بات انہوں نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہی،انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے ضلعی نائب امیر مولوی عبدالحئی بلوچ کی شہادت قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے حکومت نے امن قائم کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے ہیں حکومت عملی طور پر امن قائم کرنے میں یکسر ناکام ہوچکی ہے انہوں نے کہاکہ غم کی اس گھڑی میں شہید کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے موثر آواز بنوں گا