فارم 45 یا 47 میں فرق ہے تو کوئی ایک صحیح ہوگا، جانچنے کیلئے انکوائری کرنا ہوگی،جسٹس جمال مندوخیل

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی انتخابی دھاندلی کے خلاف درخواست پر وکیل کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات پر تیاری کے لیے مہلت دے دی، جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ فارم 45 یا 47 دونوں میں اگر فرق ہے تو کوئی ایک صحیح ہوگا، فارم کو جانچنے کے لیے پوری انکوائری کرنا ہوگی۔

سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔جسٹس جمال خان مندوخیل نے عمران خان کے وکیل سے مکالمے کے دوران کہا اگر آپ سمجھتے ہیں کہ الیکشن کمیشن جانبدار ہے تو متعلقہ فورم پر جانا چاہیے تھا، فارم 45 یا 47 دونوں میں اگر فرق ہے تو کوئی ایک صحیح ہوگا، فارم کو جانچنے کے لیے پوری انکوائری کرنا ہوگی۔وکیل نے موقف اپنایا کہ میں صرف اعتراضات دور کرنے آیا تھا آپ میرٹ پر بات کر رہے ہیں، جو 8 فروری کو ہوا تھا ہم آج تک بھگت رہے ہیں۔

جسٹس مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ کیا خیبرپختونخوا سے بلوچستان تک سارا الیکشن ہی غلط تھا؟ ہر حلقے کی علیحدہ انکوائری ہوگی، پہلے بھی انتخابات دھاندلی کا ایشو اٹھا تھا، انکوائری کے لیے آرڈیننس لانا پڑا تھا، 184 کے تحت دائرہ اختیار عدالت کا نہیں ہے۔وکیل نے کہا کہ یہ اس عدالت کی کمزوری ہے کہ ابھی تک سوموٹو نہیں لے سکی، اس پر جسٹس مندوخیل نے ریمارکس دیے الفاظ کا چناؤ دیکھ کر کریں۔عدالت نے وکیل کو مزید تیاری کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے