خیبرپختونخوا حکومت کا کرم کے متاثرہ علاقوں میں شرپسندوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
پشاور(ڈیلی گرین گوادر)خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع کرم کے متاثرہ علاقوں میں شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف کے مطابق پشاور میں کرم کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کی بیٹھک ہوئی۔ چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور سول و پولیس افسران بیٹھک میں شامل ہوئے۔بیرسٹر سیف کے مطابق شرپسند عناصر کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔متاثرہ علاقوں میں چند شرپسندوں کے خلاف کارروائی ناگزیر ہوچکی ہے۔ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کا کہنا تھا کہ امن معاہدے پر قانون کے مطابق عمل درآمد کرایا جائےگا، خدشہ ہےکہ امن پسند لوگوں کے درمیان کچھ شرپسندگھس گئے ہیں، متاثرہ علاقوں کےعوام کی رہائش کے لیے بہترین متبادل انتظامات کیے ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت 3 ماہ سےکرم میں امن بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے، کرم میں چند شرپسند عناصر نے امن معاہدےکو سبوتاژ کرنےکی کوشش کی، شرپسندوں نے ڈپٹی کمشنر پر قاتلانہ حملہ کیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے، شرپسند عناصر امدادی سامان کے قافلوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔ترجمان خیبرپختونخوا حکومت نے کہا کہ عوام سے اپیل ہےکہ وہ متاثرہ علاقوں میں مکمل تعاون کریں، حکومت جلد شرپسندوں کا خاتمہ کرکے علاقے میں امن بحال کر دے گی، کرم کے عوام امن چاہتے ہیں اور امن معاہدے کا احترام اور پاسداری کرتے ہیں۔