ہر مہینے بار بار تنخواہوں کی ادائیگی کے مطالبے سے اساتذہ کی عزت نفس مجروہ ہو رہی ہے،پروفیسرکلیم اللہ بڑیچ
کوئٹہ(اڈیلی گرین گوادر) اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ، نائب صدر ڈاکٹر شبیر احمد شاہوانی، جنرل سیکرٹری فریدخان اچکزئی، جوائنٹ سیکرٹری میڈم زہرا ملغانی، پریس سیکرٹری رحمت اللہ اچکزئی، فنانس سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ باز محمد کاکڑ اور ایگزیکٹیو ممبران ارباب رضا کاسی، میڈم فرحانہ عمر مگسی، ڈاکٹر محب اللہ کاکڑ، ڈاکٹر گل محمد اور مسعود مندوخیل نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں اس بات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے کہ یونیورسٹی اساتذہ آفیسرز اور ملازمین کو تا حال نہ تو دسمبر کی تنخواہ ادا کی گئی ہے اور نہ ہی پنشن اور افسوس کی بات تو یہ ہے کہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ایک معمول سا بن گیا ہے۔ پورا مہینہ بار بار تنخواہوں کی ادائیگی کے مطالبے سے اساتذہ کی عزت نفس مجروہ ہو رہی ہے اساتذہ اور ملازمین کی چھٹیاں اس ٹینشن میں گزر رہی ہیں کہ تنخواہ ملے گی بھی یا نہیں، اور ملے گی بھی تو کب ملے گی آدھی چھٹیاں گزر بھی گئیں لیکن تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کہیں جا بھی نہیں پاتے۔ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ یونیورسٹی کو فنڈ کی فراہمی میں تاخیر کا یہ سلسلہ آخر کب تک چلتا رہے گا؟، کب تک ہر مہینے بار بار تنخواہوں کی ادائیگی کے مطالبے سے اساتذہ کی عزت نفس مجروہ ہوتی رہے گی؟ حالانکہ وزیر اعلی صاحب نے وعدہ بھی کیا تھا کہ آئندہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔اس لئے ہم پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ہو یا صوبائی حکومت، یونیورسٹی کو بروقت فنڈ کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ بار بار تنخواہوں کی ادائیگی کے مطالبے سے اساتذہ کی عزت نفس مجروہ نہ ہو۔