چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ ہاشم کاکڑ کا حب کا دورہ،جوڈیشنل کمپلیکس اور لاء کالج کے قیام کا اعلان
حب(ڈیلی گرین گوادر) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ ہاشم کاکڑ ایک روزہ دورے پر حب پہنچ گئے، جہاں انہوں نے صوبائی وزیر زراعت و صنعت حرفت میر علی حسن زہری کے ہمراہ نئے جوڈیشنل کمپلیکس کے لیے مختص کی گئی جگہ کا معائنہ کیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ حب میں نیا جوڈیشنل کمپلیکس قائم کیا جائے گا، جہاں عدلیہ کے امور کو بہتر طریقے سے چلانے کے لیے جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس کمپلیکس میں سیشن کورٹ بھی شامل ہوگا، اور یہ 6 ایکڑ سے زائد کے رقبے پر قائم کیا جائے گا۔اس کے علاوہ، سیشن کورٹ کی عمارت میں ایک لا کالج بھی قائم کیا جائے گا، جس سے طلبا کو قانون کے شعبے میں مزید تعلیمی مواقع ملیں گے۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے اس منصوبے کے لیے صوبائی حکومت کی بھرپور حمایت اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔صوبائی وزیر زراعت و صنعت، حرفت میر علی حسن زہری نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان حکومت ہر اس پروجیکٹ کی حمایت کرے گی جس سے حب کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نئے پروجیکٹ کے لیے دلچسپی ظاہر کی اور جلد اس منصوبے کو تکمیل تک پہنچانے کی ہدایات دی۔