جمعیت علماء اسلام کا پی پی 45 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف صوبہ بھر میں پہیہ جام ہڑتال
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ نے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبد الواسع کے حکم پر پی بی 45 کوئٹہ-8 کے 15 پولنگ اسٹیشنز پر ری الیکشن میں مبینہ دھاندلی اور رزلٹ کی تبدیلی کے خلاف صوبہ بھر کی طرح کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرے کیے۔ اس دوران کوئٹہ کے تمام داخلی اور خارجی راستے اور قومی شاہراہیں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے احتجاجاً بند کر دی گئیں۔جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری جنرل حاجی بشیر احمد کاکڑ، نائب امیر مولانا خدائے دوست اور دیگر عاملہ اراکین کی نگرانی میں کوئٹہ،چمن، ڑوب شاہراہ بلیلی کے مقام پر بند کی گئی۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ مسعود اور دیگر عاملہ اراکین کی نگرانی میں کوئٹہ-کراچی شاہراہ میاں غنڈی سونا خان تھانے کے مقام پر، جبکہ نائب امیر مولانا محمد ایوب اور دیگر عاملہ اراکین کی نگرانی میں کوئٹہ،سبی شاہراہ کسٹم ہاؤس سبی روڈ کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک معطل رہی۔ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے سونا خان کے مقام پر احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی بی 45 کے الیکشن میں جمعیت علماء اسلام کی واضح جیت کو شکست میں بدلنے کی سازش کرنے والے آج عوام کے غیض و غضب اور طاقت کا سامنا کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ردعمل نے ثابت کردیا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے فیصلے عوامی امنگوں کے ترجمان ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے بھرپور حمایت کے اظہار نے جمعیت کے موقف کو تقویت بخشی ہے۔ جمعیت علماء اسلام کی ضلعی مجلس عاملہ نے کامیاب پہیہ جام ہڑتال پر ماتحت تحصیلوں، یونٹوں کے ذمہ داران اور کارکنوں کو مبارکباد دی۔ عوام، خاص طور پر ٹرانسپورٹرز اور تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ عوام نے ناروا عمل کے خلاف جمعیت علماء اسلام کی کال پر لبیک کہتے ہوئے الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ قوتوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ اس قسم کا ناروا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔