عام انتخابات میں انٹرنیٹ ووٹنگ کا استعمال نہیں کیا جانا چاہئے،الیکشن کمیشن
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں بالکل انٹرنیٹ ووٹنگ کا استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔منگل کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور کا ہمایوں مہمند کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن حکام کی جانب سے بیرون ملک پاکستانیوں کو آن لائن ووٹ کا حق دینے پر بریفنگ دی گئی۔
الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹنگ کا حق آسٹریا کے سوا کسی ملک میں نہیں۔حکام کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے حکومت کو ہیکنگ کے خطرات سے آگاہ کردیا تھا، نجی و بعض ممالک کے ہیکرز بھی مسئلہ پیدا کر سکتے ہیں اس لئے عام انتخابات میں بالکل انٹرنیٹ ووٹنگ کا استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔حکام نے بتایا کہ اوورسیز بھارتی بھی اپنے ملک میں آکر ہی ووٹ ڈال سکتے ہیں، دنیا میں انٹرنیٹ ووٹنگ کی صرف سفارتکاروں کو اجازت دی جاتی ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ بھارت میں اوورسیز اپنے کسی قریبی عزیز کو ووٹ دینے کیلئے نامزد کرسکتے ہیں اور اگر کوئی بھارتی بیرون ملک ہے اور تو اُسے پوسٹل بیلٹ کی اجازت ہے۔اجلاس کے دوران سینیٹر سرمد علی نے سوال اٹھائے کہ دہری شہریت والے ارکان پارلیمان نہیں بن سکتے تو وہ ووٹ کیسے دے سکتے ہیں ؟، اگر اورسیز ووٹ دے سکتے ہیں تو پھر الیکشن لڑنے کی اجازت بھی ہونی چاہیا ور اگر ارکان پارلیمانی کو دہری شہریت کا حق نہیں تو ججز اور بیورو کریسی کو کیوں ہے؟۔