احتجاج کرنا سب کا حق ہے لیکن احتجاج کے نام پر سڑکیں بلاک کرنا اور توڑ پھوڑ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے،وزیراعلیٰ بلوچستان

ڈیرہ اللہ یار(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کا چیلنج بہت بڑا ہے، دہشتگردی کا سامنا صرف بلوچستان میں نہیں بلکہ پورے ملک کو درپیش ہے، بلوچستان حکومت دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جعفرآباد کے علاقے خان گڑھ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، میر سرفراز خان بگٹی مختصر دورے پر جعفرآباد پہنچے جہاں انہوں نے خان گڑھ جمالی میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میر خان محمد خان جمالی کے بھائی میر اسرار خان جمالی کی وفات پر تعزیت کی اس موقع پر صوبائی وزراء میر سلیم احمد خان کھوسہ، میر محمد صادق عمرانی، میر عاصم کرد گیلو، سردارزادہ فیصل خان جمالی، پارلیمانی سیکریٹری عبدالمجید بادینی اور حاجی محمد خان لہڑی بھی انکے ہمراہ تھے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے مرحوم میر اسرار خان جمالی کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی، صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا سب کا حق ہے لیکن احتجاج کے نام پر سڑکیں بلاک کرنا اور توڑ پھوڑ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے، عوام کے جان و مال کی حفاظت بلوچستان حکومت کی ذمہ داری ہے، دفعہ 144 کا نفاذ صوبے کے حالات کے پیش نظر کیا گیا، کسی کے جمہوری حقوق سلب کرنے کے لیے ہرگز نہیں ہے صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ اس موقع سردار محمد ہارون خان جمالی، میر چنگیز خان جمالی، میر فائق علی خان جمالی، میر اورنگزیب خان جمالی، میر قطب الدین خان جمالی، میر فرید اللہ خان جمالی، میر تیمور خان جمالی، میئر میر اسفندیار خان جمالی و دیگر بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے