قلات،انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد مظاہرین نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو کھول دیا
قلات (ڈیلی گرین گوادر) قلات مین انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد مظاہرین نے 30گھنٹے بعد کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو کھول دیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قلات سے سید اختر شاہ نامی ایک شخص کے لاپتہ ہونے کے بعد مشتعل مظاہرین نے قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر ٹریفک کے لئے بند کردیا تھا تاہم 30گھنٹے بعد ضلعی انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات ہوئے جن میں ڈپٹی کمشنر بلال شبیر نے مظاہرین کو یقین دہانی کروائی کہ لاپتہ شخص کو بازیاب کروایاجائیگا۔ کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کرتے ہوئے سڑک کو ٹریفک کے لئے کھول دیا۔ واضح رہے کہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کی بندش کے باعث شدید سردی میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں تھیں جن سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔