ایران میں غیرقانونی داخل ہونیوالے 10 ہزار سے زائد پاکستانی گرفتار
تہران(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان سے غیرقانونی طور پر یورپ جانے کے خواہشمندوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا، رواں سال ایران نے 10 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو گرفتار کرکے پاکستان کے حوالے کیا، تمام افراد غیرقانونی طریقے سے ایران میں داخل ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سے غیرقانونی طور پر یورپ جانے والوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا، 2024ء کے دوران 10 ہزار سے زائد پاکستانی ایران میں گرفتار ہوئے، ایرانی حکومت نے 10 ہزار 454 افراد کو ایف آئی اے کے حوالے کیا۔رپورٹ کے مطابق ایران میں گرفتار افراد کو سرحدی علاقے تفتان میں پاکستان کے حوالے کیا گیا، گرفتار افراد بلوچستان سے غیرقانونی طور پر ایران میں داخل ہوئے تھے، گرفتار افراد ایران کے راستے یورپ جانا چاہتے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت ایران میں گرفتار پاکستانیوں کی شرح زیادہ رہی، 2020ء سے 2024ء تک مجموعی طور پر ایرانی حکام کے ہاتھوں 62 ہزار افراد گرفتار ہوچکے، بیرون ملک جانے کی کوشش میں کئی افراد کو جان سے ہاتھ بھی دھونا پڑے۔واضح رہے کہ پاکستان سے سالانہ غیرقانونی طور پر یورپ جانیوالوں کی کوشش کرنیوالوں کی تعداد ہزاروں میں ہے، جو ایران کے راستے ترکی اور پھر وہاں سے یورپ جاتے ہیں جبکہ افریقا کے راستے یونان اور اٹلی بھی غیرقانونی ترکین وطن کا دوسرا روٹ ہے۔