بلوچستان کی ترقی کا انحصار اس کے اندر موجود لوگوں پر ہے،لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج تربت میں دوسرے بیچ کی شاندارپاسنگ آؤٹ پریڈ 23 دسمبر کو منعقد ہوئی۔ جس میں فارغ التحصیل ہونے والی 64 لیڈی کیڈٹس نے حصہ لیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان تھے۔ ڈاکٹر مالک بلوچ ممبر بلوچستان اسمبلی،آئی جی ایف سی بلوچستان(ساؤتھ)،علاقے کے معززین اورکیڈٹس کیوالدین کی بڑی تعدادنیتقریب میں شرکت کی۔لیڈی کیڈٹس نے مارچ پاسٹ اور مارشل آرٹس کے ذریعے اپنی تربیت کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ پاس آؤٹ ہونے والی کیڈٹس میں سے 90 فیصد کا تعلق بلوچستان کیڈویڑنز مکران، قلات، رخشان، سبی، ژوب، لورالائی اور نصیرآبادسے ہے۔کور کمانڈر 12 کور، لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے اپنے خطاب میں لیڈی کیڈٹس کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیا۔ انہوں نے کیڈٹس کو تلقین کی کہ وہ مسلسل محنت، لگن اور عزم کو اپنا شعار بنا کر آگے چل کر پاک فوج سمیت دیگر شعبہ جات میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکتی ہیں۔ مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ بلوچستان کی ترقی کا انحصار اس کے اندر موجود لوگوں پر ہے۔ انہوں نے کیڈٹس کو نصیحت کی کہ وہ بلوچستان کی ترقی میں اپنی خدمات ضرور پیش کریں۔ تقریب کے اختتام پر شاندار کارکردگی دکھانے والی کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے گئے، اوور آل بیسٹ کیڈٹ کا اعزاز آمنہ عثمان کو دیا گیا۔تقریب کے بعد معزز مہمانوں کو کالج کی جدید سہولیات سے آراستہ آڈیٹوریم، سائنس لیبارٹریز، اعلیٰ معیار کی کمپیوٹر لیب، کلاس رومز، جدید لائبریری اور اسٹوڈنٹ کلبز کا تفصیلی دورہ کروایا گیا۔ معزز مہمانوں نے کالج کی انتظامیہ کی بہترین کاوشوں اور طالبات کی محنت کو بھر پورسراہا۔شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج تربت، بلوچستان کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج ہے، جو 2021 میں قائم کیا گیا۔ کالج میں 400 لیڈی کیڈٹس کی تربیت کی گنجائش موجود ہے۔ اب تک دو بیچز میں 131 لیڈی کیڈٹس کامیابی کے ساتھ فارغ التحصیل ہو چکی ہیں۔شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج تربت، نہ صرف بچیوں کو معیاری تعلیم اور تربیت فراہم کر رہا ہے بلکہ بلوچستان میں خواتین کی ترقی اور فلاح و بہبود میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے