حکومت فوری طورپر پاک افغان اور پاک ایران بارڈر کھولنے کا اعلان کرے،حاجی صادق خان اچکزئی
کوئٹہ(ڈیلی گر ین گوادر)مظلوم اولسی تحریک پاکستان کے سربراہ حاجی صادق خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اسمبلیوں میں بیٹھے نمائندے عوام کے منتخب نہیں ہیں بلکہ وہ عوام پرزبردستی مسلط کئے گئے ہیں،بلوچستان کے عوام کا روزگار بارڈر سے وابستہ ہے حکومت فوری طورپر پاک افغان اور پاک ایران بارڈر کھولنے کا اعلان کرے،مصور کاکڑ کو اغواء ہوئے ایک ماہ ہونے کو ہے لیکن حکومت اور پولیس تاحال بچے کو بازیاب کرانے میں ناکام ہوگئی ہے صوبے میں آباد پشتون اور بلوچ قبائلی عمائدین کو عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سر جوڑ کربیٹھنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے پشتونخواملی عوامی پارٹی سریاب کے معاون سیکرٹری مقصود خان، تحصیل معاون اسماعیل خان درانی، پی ٹی آئی کے محمدابراہیم اور نعمت اللہ خان کی مستعفیٰ ہوکر مظلوم اولسی تحریک پاکستان میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پرمظلوم اولسی تحریک پاکستان کے صوبائی صدر ایوب خان، جنرل سیکرٹری حاجی سیلاب خان اچکزئی،آغا جان ہمدر د حاجی نور محمد رخشانی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔اس موقع پرمقصود خان،اسماعیل خان،ابراہیم اور نعمت اللہ نے اپنے ساتھیوں سمیت پشتونخواملی عوامی پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف سے مستعفی ہوکر مظلوم اولسی تحریک پاکستان کے سربراہ حاجی صادق خان اچکزئی اورحاجی سیلاب خان اچکزئی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔حاجی صاد ق خان اچکزئی نے مقصود خان،اسماعیل خان،ابراہیم، نعمت اللہ ا ورانکے ساتھیوں کو مظلوم اولسی تحریک میں شمولیت پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انکی شمولیت سے تحریک صوبے میں مزید فعال اور منظم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام کے مینڈیٹ پر شب و خون مارتے ہوئے من پسند افراد کو کامیاب کرایا گیا آج اسمبلیوں میں بیٹھے نمائندے عوام کے منتخب کردہ نہیں ہیں بلکہ وہ عوام پر زبردستی مسلط کئے گئے ہیں جو عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں کارخانہ اورانڈسٹری نہ ہونے کی وجہ سے لوگو ں کا ذریعہ معاش بارڈر سے وابستہ ہے لیکن حکومت کی جانب سے پاک افغان اورپاک ایران بارڈر بند کئے جانے کے باعث ہزاروں کی تعداد میں لوگ بے روزگارہوچکے ہیں اورانکے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے وفاقی اور صوبائی حکومت فوری طورپربارڈرکھولنے کا اعلان کرے۔ایک سوال کے جواب میں حاجی صادق خان اچکزئی نے کہا کہ مظلوم اولسی تحریک نے عام انتخابات میں بھرپورحصہ لیا لیکن ایک سازش کے تحت ہمیں دیوارسے لگایاگیا جوملک اورعوام کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم اولسی تحریک نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے جدوجہد کررہی ہے اورانشاء اللہ مظلوم اولسی تحریک پاکستان عوام کو مایوس نہیں کریگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی اورمذہبی جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں اورعوام کا سیاسی جماعتوں سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔