مدارس بل پر آئینی کمیٹی فضل الرحمان کے ساتھ مل بیٹھ کر لائحہ عمل بنائے گی،اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت مولانا فضل الرحمان سے بات چیت کے لیے تیار ہے، وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ مل بیٹھ کر مسئلہ حل کیا جائے، مدارس بل پر اعتراض کے بعد پارلیمان کا مشترکہ اجلاس نہیں طلب کیا جاسکا۔

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر قانون نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے اس بل کے حوالے سے خیالات واضح ہیں ، وہ چاہتے ہیں مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرلیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مدارس بل کے حوالے سے آئینی کمیٹی بنانے کا فیصلہ ہوا ہے جو مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مل بیٹھ کر آئندہ کا لائحہ عمل بنائے گی، کمیٹی میں پیپلز پارٹی کی جانب سے نوید قمر شامل ہوں گے۔

وزیر قانون نے کہا کہ آئین نے صدر مملکت کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ کسی بھی بل پر اعتراض لگا کر واپس قومی اسمبلی بھیج سکتے ہیں ، ایسی صورت میں پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں دوبارہ رائے سازی ہوتی ہے۔ادھر مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس موخر کردیا گیا تھا، حکومت نے اجلاس موخر ہونے کی وجہ وزیر اعظم کے بیرون ملک کا دورہ بتایا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے