شانگلہ میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، اے ایس آئی سمیت 3 اہلکار شہید
شانگلہ(ڈیلی گرین گوادر)شانگلہ کی تحصیل چکیسر میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سمیت 3 اہلکار شہید اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تحصیل چکیسر کی گنانگر پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا اور دستی بم پھینکنے کے بعد فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چوکی انچارج اور کانسٹیبل شہید ہوگئے۔حملے میں محرر اور پولیس کانسٹیبل سمیت 3 اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں بٹ گرام ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈی پی او شانگلہ عمران خان نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب تھانہ چکیسر کی حدود میں پولیس چوکی گنانگر پر دہشت گردوں نے چاروں اطراف سے حملہ کیا، چوکی میں تعینات جوانوں نے انتہائی دلیری سے مقابلہ کیا، اس دوران 2 پولیس افسران نے عوام کی جان و مال اور وطن کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی میں، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز فضل الہٰی دیگر افسران کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچے اور زخمی افسران کو ریسکیو کرکے ہسپتال منتقل کروایا جہاں اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد حسن زخموں کی تاب نہ لاتے شہید ہوگیا۔