کوئٹہ،شدید سردی کے باعث گیس پائپ لائن منجمد
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، جہاں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرچکا ہے۔ درجہ حرارت گرنے سے کوئٹہ میں سوئی سدرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی 18 قطر پائپ لاٸن بھی منجمد ہوگٸی ہے۔اس حوالے سے سوٸی سدرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ریگولیٹرز آئسنگ کے باعث گیس کی فراہمی متاثر ہوئی ہے اور پائپ لائن منجمد ہونے سے کوئٹہ شہر کے متعدد علاقے بشمول نواں کلی، سمنگلی روڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوچکی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بالائی علاقے بشمول پشین، کچلاک، بوستان اور زیارت میں بھی گیس سپلائی معطل ہے، سوئی سدرن کی تکنیکی ٹیمیں صبح 6 بجے سے اس پر کام کررہی ہیں۔ترجمان سوئی سدرن کا مزید کہنا تھا کہ اس دوران کمپنی صارفین کی تکلیف کو کم کرنے کے لیے متبادل کے طور پر 16 انچ قطر کی پائپ لائن کے ذریعے گیس کی فراہمی کررہی ہے، تاہم تکنیکی خرابی کی وجہ سے صارفین کو ہونے والی زحمت پر ادارہ معذرت خواہ ہے۔