ہماری تحریک حکومت کو بہا لے جائےگی،محمود خان اچکزئی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، پی ٹی آئی اور عمران خان کسی کو اچھے لگیں یا برے لیکن قوم نے ان کو مینڈیٹ دیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر حکمران اپنی ضد پر ڈٹے رہے تو پھر ہمیں عوام کے پاس جانا پڑےگا، اور ہماری تحریک حکومت کو بہا لے جائےگی۔
انہوں نے کہاکہ 8 فروری کو جو کچھ ہوا وہ قابل مذمت ہے، ایک کمیٹی بننی چاہیے جو اس حکومت سے جان چھڑوانے کا فیصلہ کرے اور پھر نئے انتخابات کرا دیے جائیں۔محمود اچکزئی نے کہاکہ اس وقت عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، نواز شریف کو چاہیے کہ اپنے بھائی اور پارٹی کو سمجھائیں۔ شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا شوق تھا جو پورا کرلیا، اب اقتدار چھوڑ دیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے، ہمیں اپنے ججز پر اعتماد کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ہماری اسٹیبلشمنٹ نے 77 سالوں میں جو غلطیاں کیں ان کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، ملک میں کبھی بھی آئین کی بالادستی کو تسلیم نہیں کیا گیا۔