ترقیاتی منصوبے عوام کی سہولت کے لیے ہیں، مگر چند عناصر علاقے کی ترقی نہیں چاہتے،مینا مجید بلوچ

تربت(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئر مینا مجید بلوچ نے تربت پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زبیدہ جلال روڈ پر دہشتگردوں کے حملے کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ 12 دسمبر کو روڈ کی مرمت کے دوران کمپنی کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنا افسوسناک عمل ہے۔ یہ ترقیاتی منصوبے عوام کی سہولت کے لیے ہیں، مگر چند عناصر علاقے کی ترقی نہیں چاہتے اور ایسے اقدامات کرکے رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں انہوں نے مند کے حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ روڈ نہ ہونے کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اور ایک گھنٹے کا راستہ چار گھنٹوں میں طے کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کھلے دل سے ایسے غیر قانونی اعمال کی مذمت کریں اور ان عناصر کے خلاف واضح موقف اختیار کریں مینا مجید نے حالیہ پی ایس ڈی پی میں متعدد منصوبے شامل کرنے کا ذکر کیا، جن میں تربت ٹیچنگ ہسپتال میں آئی سی یو کا قیام، سسی و پنو قلعہ کی سڑک کی تعمیر، مند کے اسکولوں کے لیے اضافی کمرے، اور جامعہ تربت میں خواتین کے لیے کامن روم شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیے گئے ہیں اور ان کی خود نگرانی کروں گی انہوں نے اعلان کیا کہ بلوچی زبان کو پرائمری سطح پر شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ بچے اپنی مادری زبان سے بہتر طور پر واقف ہوں صوبائی مشیر نے یوتھ انڈومنٹ فنڈ کو جلد ریلیز کرنے کا عندیہ دیا، جس سے نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے مستقبل قریب میں روشن امکانات پیدا ہوں گے انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ مثبت خبریں نشر کریں تاکہ معاشرے میں ترقی اور ہم آہنگی کا پیغام پھیلے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کی بڑی ذمہ داری ہے کہ عوام کے سامنے حقائق پیش کریں اور منفی عناصر کو بڑھاوا نہ دیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ان کی کاوشوں کو سپورٹ کریں گے اور عوامی فلاح کے منصوبے مکمل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر حکومت اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتے ہیں، مگر ہم ان کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے