صدر بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنانے کے خفیہ مشن پر ہیں،بیرسٹر سیف

پشاور(ڈیلی گرین گوادر) خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اپنے بیٹے بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنانے کے خفیہ مشن پر ہیں۔

صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو شیروانی پہننے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ اور باپ بیٹے دونوں وزارت عظمیٰ کی کرسی کے لیے سرگرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو ہٹانے کے لیے ایوان صدر میں خفیہ ملاقاتیں کی جا رہی ہیں۔ اور آصف علی زرداری بیٹے کو وزیر اعظم بنانے کے خفیہ مشن پر ہیں۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ چوری شدہ مینڈیٹ کے خلاف تحریک منطقی انجام کے قریب ہے۔ اور عوامی رائے کے برعکس جو بھی وزیر اعظم آئے گا اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ میں جامع اور غیر مشروط مذاکرات کا حامی ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی مقدمہ میں کیس سے ڈسچارج ہونے کہ درخواست دائر کی ہے۔ مقدمات تمام جعلی ہیں اور تمام میں بریت ہو گی۔مذکرات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی مسائل کا حل سیاسی بیٹھک سے ہی ہوتا ہے۔ اور مذاکرات ہر اسٹیج پر ہونے چاہئیں۔ جامع اور غیر مشروط مذاکرات کا حامی ہوں۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لیے سیاسی مسائل کا سیاسی حل ڈھونڈنا ضروری ہے۔ اور پہلے بھی ہم آگے کی طرف بڑھ رہے تھے۔ پہلے بھی رابطے بہترین جا رہے تھے تاہم ایک سطح پر مذاکرات ختم ہو گئے۔ امید ہے جو رابطے احتجاج سے پہلے ختم ہوئے تھے وہ دوبارہ بحال ہو جائیں گے۔ بس اب بہت ہو گیا اب بہتری کی طرف ملک کو بڑھانا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے