بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ محنت و افرادی قوت کا اجلاس، ترمیمی بل پر غور
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان صوبائی اسمبلی کے کمیٹی روم میں قائمہ کمیٹی برائے محکمہ محنت و افرادی قوت کا اجلاس چیئرمین کمیٹی غلام دستگیر بادینی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے معزز اراکین زابد علی ریکی، خیر جان بلوچ، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، اسپیشل سیکرٹری اسمبلی عبدالرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری لا سعید اقبال اور متعلقہ محکمہ کے نمائندے شریک ہوئے۔اجلاس میں بلوچستان ایمپلائز سیکیورٹی انسٹیٹیوشن کا ترمیمی مسودہ قانون مصدرہ 2024 زیر غور لایا گیا۔ اراکین نے مسودے پر تفصیلی غور و خوض کیا اور اس کے مختلف پہلوں پر بحث کی۔ اس دوران تمام اراکین اور محکمہ کے نمائندوں نے اپنی تجاویز پیش کیں، جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے بل پر حتمی سفارشات مرتب کی گئیں۔اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ ترمیمی بل کو اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ کمیٹی نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مثر قانون سازی کی جائے گی تاکہ ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔آج کی نشست صوبے میں محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے جاری قانون سازی کے عمل کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔ کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ ان کے مسائل حل کیے جا سکیں اور ان کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے۔